قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں بیتا کے مقام پر نہتے فلسطینیوں پر براہ راست فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم 37 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی شہریوں پردھاتی گولیوں، آنسوگیس کی شیلنگ اور براہ راست آتشیں ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین درجن سے زاید فلسطینی زخمی ہوگئے۔
ہلال احمر کے ایمرجنسی پروگرام کے ڈائریکٹر احمد جبریل نے بتایا ک اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے متعدد فلسطینیوں کو اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔ ایک فلسطینی کے بازو پر گولی لگی ہے جسے نابلس میں رفیدیا سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔ نو فلسطینی دھاتی گولیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔ ہلال احمر کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کی آنسوگیس کی شیلنگ سے 27 فلسطینی زخمی ہوئے جب کہ درجنوں فلسطینی دم گھٹنے سے متاثر ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ بیتا کے فلسطینی باشندوں نے گذشتہ روز شہید شادی الشرفا کا جسد خاکی اس کے لواحقین کے حوالے کرنے کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقعے پر قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔