قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے دو فسطینی بھائیوں 24 سالہ مرام طہ اور 16 سالہ ابراہیم طہ کے جسد خاکی ان کے ورثاء کے اس شرط پر حوالے کرنے کا اعلان کیا ہے کہ شہداء کو راتوں رات سپرد خاک کیا جائے گا، تاہم ورثاء نے صہیونی فوج کی شرائط مسترد کر دی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس میں قطنہ یونین کونسل کے چیئرمین یوسف الفقیہ نے بتایا کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے 27 اپریل کو بیت المقدس میں گولیاں مار کر شہید کیے گئے دو فلسطینی بھائیوں مرام اور ابراہیم کے جسد خاکی ان کے ورثاء کے حوالے کرنے کی اطلاع دی ہے مگر ساتھ ہی اہل خانہ سے کہا ہے کہ وہ شہداء کو رات کی تاریکی میں سپرد خاک کریں تاکہ تدفین کے موقع پر فلسطینی شہریوں کو شرکت کا موقع نہ ملے۔ الفقیہ نے بتایا کہ شہداء کے لواحقین کے اسرائیلی فوج اور انٹیلی جنس حکام کی شرط مسترد کردی ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹوں کوقومی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کریں گے۔ نیز ان کی نماز جنازہ میں زیادہ سے زیادہ شہریوں کو شرکت کا موقع دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ دونوں فلسطینی بھائیوں کو اسرائیلی فوج نے قلندیہ چیک پوسٹ پر 27 اپریل کو گولیاں مار کرشہید کر دیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ شہید ہونے والے دونوں نوجوان اسرائیلی فوجیوں پرحملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ شہید کیے جانے کے بعد ان کے جسد خاکی اسرائیلی فوج نے اپنی تحویل میں لے لیے تھے۔