جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد شہید کر دی

منگل 24-مئی-2016

قابض صہیونی فوجیوں نے گذشتہ شب فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں بلڈوزروں کی مدد سے ایک مسجد شہید کر دی۔ مسجد کی شہادت کے خلاف فلسطینی شہریوں نے سخت احتجاج کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب یہودی فوجیوں نے بیت المقدس کے باب العامود کے قریب واقع ایک مسجد کو غیرقانونی قرار دے کر اسے شہید کر دیا گیا۔ یہ مسجد باب العامود اور اس کے آس پاس کی کالونیوں میں رہنے والے فلسطینیوں کے استعمال میں تھی جہاں وہ نماز پنجگانہ ادا کرتے تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ علی الصباح انہوں نے شاہراہ الانبیا پرواقع مسجد کو شہید کیے ہوئے دیکھا۔ مسجد کے ملبے کے قریب اسرائیلی فوج کے دو بلڈوزر کھڑے تھے جن کی مدد سےمسجد شہید کی گئی تھی۔

مسجد کی شہادت کے خلاف فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان توتکار بھی ہوئی۔ قابض حکام نے دعویٰ کیا کہ مسجد بیت المقدس کی مقامی اسرائیلی حکومت کی اجازت کے بغیر بنائی گئی تھی۔

خیال رہے کہ بیت المقدس میں رواں ماہ مئی میں اسرائیلی فوج اب تک تین مکانات بھی مسمار کر چکی ہے۔ قابض حکام کی جانب سے ہربار یہ دعویٰ کیا جاتا رہا ہے کہ وہ مکانات حکومت کی اجازت کے بغیر تعمیر کیے گئے تھے۔

مختصر لنک:

کاپی