فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں اسرائیلی فوج نے اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے اسیر کارکن محمد عبدالباسط الحروب کے گھر پر چھاپہ مارا، اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ گھر میں توڑپھوڑ بھی کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج کی بڑی تعداد نے سوموار کے روز حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے اسیر رکن عبدالباسط الحروب کے دیر سامت کے مقام پر واقع گھر پر چھاپہ مارا۔
اسیر کے والد محمد نے نے بتایا کہ صہیونی فوجی ان کے گھر کا مرکزی گیٹ پھلانگ کا اندر داخل ہوئے اور گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔ قابض فوجیوں نے گھر کی جامہ تلاشی لی اور تشدد قیمتی سامان کی توڑپھوڑ بھی کی۔
خیال رہے کہ اسیر عبدالباسط الحروب کو صہیونی فوج نے گذشتہ برس حراست میں لیا تھا۔ اس پر الزام عاید کیا گیا ہے کہ اس نے 20 نومبر 2015ء کو عتصیون چوک میں فائرنگ کر کے دو یہودی آباد کار ہلاک کر دیے تھے۔