اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے غزہ کے محصورین کے عزم ، ولولے ، حوصلے اور جرات و بہادری کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہالیان غزہ نے اپنے عزم سے غاصب صہیونی ریاست کے طاقت کے گھمنڈ کو خاک میں ملا دیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں حفظ قرآن کریم کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے اپنے ریکارڈڈ بیان میں خالد مشعل نے کہا کہ صہیونی ریاست تمام تر مادی اور عسکری بالادستی کے باوجود غزہ کے محصور اور مظلوم عوام پراپنا قہر مسلط کرنے اور فلسطینی کو اپنے سامنے جھکنے پرمجبور کرنے کی مذموم سازشوں میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔
خالد مشعل کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی صہیونی ریاست کی مذموم سازشوں اور مجرمانہ سرگرمیوں کے سامنے ایک آہنی دیوار ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں نہتے فلسطینیوں پر مظالم ڈھانے کی صہیونی سازش کی مذمت کی اور کہا کہ اسرائیل اہل جنین کو بھی اپنے سامنے جھکانے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔
حماس رہ نما کا کہنا تھا کہ غزہ اور پورے فلسطین کے عوام کے عزم اور حوصلے کا اصل محرک ان کا قرآن سے تعلق اور تزکیہ نفس ہے۔ فلسطینی قوم نے جہاد اور بندوق کا سبق قرآن ہی سے سیکھا ہے۔ آج پوری فلسطینی قوم جذبہ جہاد سے قرآن ہی کی وجہ سے سرشار ہے۔
انہوں نے غزہ کی پٹی کے علاقے الشجاعیہ کے عوام کی قربانیوں ، آزادی کے لیے جدو جہد اور غاصب صہیونیوں کو غزہ سے نکال باہر کرنے کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔