جمعه 15/نوامبر/2024

انڈین فوجی غزہ جنگ میں کیا کر رہے ہیں؟

جمعہ 5-جنوری-2024

اسرائیل کے غزہ پر حملے جاری ہیں، جن میں اسرائیلی اور انڈیا میڈیا کے مطابق اسرائیل ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) میں شامل انڈین فوجی بھی حصہ لے ہیں اور ان میں سے ایک حال ہی میں مارا گیا ہے۔

انڈیا ٹو ڈے کے مطابق سات اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک اسرائیل میں چار انڈین نژاد فوجی غزہ میں جاری جارحیت کے دوران مارے جا چکے ہیں، جن میں سے ایک حالیہ ہلاکت دسمبر کے اوائل میں ہوئی اور ہلاک ہونے والے فوجی کا نام جل ڈینیئلز بتایا گیا ہے۔

34 سالہ جل ڈینیئلز کا تعلق بنی میناشے یہودی کمیونٹی سے ہے، جن کا آبائی علاقہ انڈیا کی ریاست مہاراشڑا میں ہے۔

اسرائیلی اخبار ’دی یروشلم پوسٹ‘ کے مطابق 200 سے زائد انڈین یہودیوں کو سات اکتوبر 2023کے بعد یا تو باقاعدہ طور پر اسرائیلی ڈیفنس فورس میں شامل کیا گیا ہے یا انہیں ریزور فورس کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اخبار کے مطابق حال ہی میں انڈیا سے اسرائیل نقل مکانی کرنے والوں میں سے 75 انڈین شہریوں کو اسرائیل کی لڑاکا فوج میں شامل کیا گیا جب کہ 140 کو اسرائیل بھر میں ریزو فورس کے لیے بلایا گیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حال ہی میں انڈیا کی بنی میناشے یہودی کمیونٹی کے پانچ ہزار افراد اسرائیل منتقل ہوئے، جو کئی برس سے انڈیا سے اسرائیل منتقلی کے خواہش مند تھے۔

ایک غیر منافع بخش تنظیم شیاوی اسرائیل کے مطابق انڈیا سے آنے والوں میں سے بیشتر نوجوانوں نے آئی ڈی ایف میں شمولیت کی درخواست کر رکھی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی