اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کےشمالی شہر نابلس میں ایک کارروائی کے دوران تین فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔ قابض فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار کیے گئے تینوں فلسطینی اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘کے قائم کردہ ایک مزاحمتی سیل کا حصہ ہیں جو شہر میں یہودی آباد کاروں اور اسرائیلی فوجیوں کو اغواء کرنے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔
عبرانی اخبارات کے مطابق اسرائیلی فوج نے نابلس کے علاقے تل سے تین مشتبہ فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔ گرفتار فلسطینی سالہ معاذ بلال اشتیہ سیل سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس گروپ میں معاذ بلال اشتیہ کے ساتھ محمد اور احمد رمضان شامل ہیں۔
ان تینوں کو اسرائیلی فوج کی خفیہ نگرانی کرنے اور یہودی آباد کاروں کی گاڑیوں کو گھات لگا کر حملوں کی کوشش کے دوران حراست میں لیا گیا۔
اسرائیلی خفیہ ادارے’شاباک‘ کا کہنا ہے کہ حماس کا خفیہ مزاحمتی سیل رواں ماہ کے وسط اور آخر میں یہودی آباد کاروں کا بھیس بدل کر قابض فوجیوں کے اغواء کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔ انہیں غزہ کی پٹی میں موجود عمر عصیدہ نامی ایک فلسطینی کی طرف سے ہدایات مل رہی تھیں۔