مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے مختلف علاقوں میں حملے کیے ہیں۔ یہ فوجی کارروائیاں جمعہ کے روز طلوع آفتاب کے ساتھ ہی شروع ہو گئیں۔ جن میں ایک کارروائی کے دوران تین فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تین فلسطینیوں کے زخمی ہونے کا واقعہ رام اللہ کے نزدیک پیش آیا ہے۔ جہاں اسرائیلی فوج نے البیرہ شہر میں صبح سویرے کارروائی کے دوران فائرنگ کرنا شروع کر دی۔ ایک فلسطینی کو گولی پاؤں میں لگنے کی اطلاع دی گئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں ایک اور قصبے سواد میں بھی جمعہ ہی کی روز کارروائی کی ہے۔ یہ قصبہ بھی رام اللہ سے متصل ہے۔ اسی طرح طولکرم پر بھی اسرائیلی فوج نے چڑھائی کی۔
طولکرم میں کارروائی کے دوران ایک سابق فلسطینی اسیر کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔ اس سابقہ قیدی فلسطینی کا گھر شہر کے مشرقی حصے میں واقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسی طرح کی فوجی کارروائیاں نابلس میں بھی کی گئی ہیں۔ نابلس میں ایک زیر حراست شخص کی گرفتاری کے ساتھ اس کی گاڑی کو بھی فوج نے قبضے میں لے لیا ہے۔
اس دوران آس پاس کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے ۔
اسرائیلی فوج نے عقربہ نامی قصبے اور بیت لحم میں بھی کارروائیاں کی ہیں۔ بیت لحم میں تین فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ جبکہ ان میں سے ایک اس سے پہلے بھی اسرائیلی فوج کی قید میں رہ چکا ہے۔