اسرائیلی قابض فوج (IOF) نے منگل کی صبح مغربی کنارے اور صحرائے نقب میں الگ الگ واقعات میں تین فلسطینی نوجوان شہید کر دیے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، نابلس کے مشرق میں بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں ایک مطلوب شہری کی گرفتاری کے لیے آئی او ایف کی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو گولی مار کر شہید اور سات دیگر کو زخمی کر دیا گیا۔
ہلالِ احمر کے اہلکار احمد جبریل نے تصدیق کی کہ 17 سالہ نادر ریان بلاطہ کیمپ میں اسرائیلی اہلکاروں کی گولی کا نشانہ بن گیا۔
مقامی ذرائع نے وضاحت کی کہ اسرائیلی فوجیوں نے القدس گلی سے بلاطہ کیمپ پر دھاوا بولا اور عمار عرفات نامی مطلوب شہری کو اس کے گھر کا گھیراؤ کرنے کے بعد اغوا کر لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیمپ میں گرفتاری کی کارروائی کے دوران مقامی نوجوانوں کی اسرائیلی فوجیوں سے جھڑپ بھی ہوئی۔
فوجیوں نے واقعات کے دوران براہِ راست گولہ بارود کا استعمال کیا۔ پانچ نوجوان مبینہ طور پر زخمی ہوئے۔ ان میں سے ایک 14 سالہ بچہ تھا جسے تشویشناک حالت میں نابلس کے رفیدیا شفا خانے لے جایا گیا۔
مزاحمتی مجاہدین نے کیمپ سے آئی او ایف کی گاڑیوں کے انخلاء کے بعد اُن پر فائرنگ کی۔
تقریباً دو گھنٹے بعد بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع قلندیا پناہ گزین کیمپ میں آئی او ایف کی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی نوجوان شہید ہو گیا۔
فلسطینی وزارتِ صحت نے شہید کی شناخت علاء شحام کے نام سے کی ہے۔ وزارت کے مطابق کیمپ میں آئی او ایف اور مقامی نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں کے دوران چھ دیگر نوجوان بھی گولہ بارود سے زخمی ہوئے۔
ایک اور کارروائی میں صحرائے نقب کے رھط شہر میں سند الھربد نامی فلسطینی نوجوان کو سادہ لباس پولیس اہلکاروں نے صبح سویرے شہید کر دیا۔
اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا کہ ان کی فورسز رھط میں مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کی زد میں آگئیں۔ قاتل فوجیوں کا کہنا تھا کہ نوجوان کے قبضے سے ایک پستول اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔