چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاؤن،18 فلسطینی گرفتار

بدھ 17-مئی-2017

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج بدھ کے روز اسرائیلی فوج کی طرف سے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 18 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں دو فلسطینی نوجوان زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مقامی فلسطینی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ غرب اردن کے شمالی شہر نابلس کے مشرقی عسکر الجدید پناہ گزین کیمپ میں گھر گھر تلاشی کے دوران چھ فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ ایک شہری کو جنین شہر کے قباطیہ قصبے سے حراست میں لیا گیا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوج کی بھاری نفری نے مشرقی نابلس میں بلاطہ کیمپ، سھل روجیب اور عسکر الجدید کےمقامات پر چھاپے مارے اور گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو زدو کوب کرنے کے ساتھ ساتھ لوٹ مار بھی کی۔

نابلس سے حراست میں لیے گئے شہریوں کی شناخت عندان بکار، حسن الاشقر، نہاد ابو کشک، مراد مسیمی، احمد شوبکی اور ثائر شلبی کے ناموں سے کی گئی ہے۔

نابلس میں صہیونی فوج نے فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کوخواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا، گھروں میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی اور لوٹ مار کی۔

ادھر بیت لحم سے معتز خضر العمور، محمد خضر العمور،عاصف ریان العمور، ریاج حمامرہ کو حراست میں لیا گیا۔

طوباس میں بھی کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے دوران متعد شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔ قابض فوج نے جنین میں دو سگے بھائیوں احمد اور ندیم، بسام شرقاوی، طارق محمود نبھان، بشار ابراہیم عباس اور یوسف صبری عساف کو حراست میں لیا گیا۔

جنین شہر میں اسرائیلی فوج کے ساتھ تصادم میں دو فلسطینی شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی