فلسطینی مزاحمت کاروں نے ایک دن میں مقبوضہ مغربی کنارے میں 15 مزاحمتی کارروائیاں انجام دی ہیں۔ ان کارروائیوں میں 4 شوٹنگ آپریشنز تھے اور 3 کارروائیوں میں دھماکہ خیز آلات کو استعمال کیا گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق 4 آباد کاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ ان میں سے 3 نابلس کے جنوب مشرقی گاؤں جوریش میں فلسطینیوں کی جانب سے اپنی زمین پر بستی کے قیام کے خلاف مزاحمت کے دوران زخمی ہوئے ۔ 6 مقامات پر جھڑپیں ہوئیں۔ شعفاط مہاجر کیمپ اور مقبوضہ بیت المقدس کے الطور قصبے میں قابض فورسز پر پتھراؤ کیا گیا۔ جھڑپوں کا دائرہ رام اللہ کے مغرب میں نبی صالح گاؤں، طولکرم میں راس شومر اور بیت لحم کے الخضر قصبے تک پھیلا رہا۔ گولی باری کی کارروائیوں میں سالم اور دوتان چوکیوں اور جنین میں مقیبلہ قصبے کے قریب قابض فورسز کے ایک اجتماع کو نشانہ بنایا گیا۔
مقبوضہ بیت المقدس کی سرزمین پر بستی "بسجات زئيف” کو نشانہ بنایا گیا ۔ اس حملے میں ایک خاتون آبادکار زخمی ہو گئی۔ باغی نوجوانوں نے جنین میں الجلمہ چوکی اور مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع قلندیہ چوکی پر دھماکہ خیز مواد پھینکا۔ الخلیل کے شمال میں العروب کیمپ میں نوجوان قابض افواج کو متعدد مولوٹوف کاک ٹیلوں سے نشانہ بنانے میں کامیاب رہے۔ مغربی کنارے اور مشرقی القدس میں فلسطینی مزاحمت نے 13 جنوری سے 19 جنوری 2023 تک ایک ہفتے کے دوران 250 مزاحمتی کارروائیاں انجام دی ہیں۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج کی گولیوں سے 8 فلسطینی شہید اور 3 اسرائیلی زخمی ہوئے ۔ اس دوران فائرنگ کے 28 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔