فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں جمعرات کی شام ایک یہودی آباد کار نے دانستہ طورپر اپنی گاڑی ایک فلسطینی راہ گیرپر چڑھا دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ فلسطینی کو کچلنے والا یہودی واردات کے بعد فرار ہوگیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق یہودی آباد کار نے 17 سالہ فلسطینی نوجوان علاء الرجبی کو الخلیل شہر میں ایک سڑک پر چلتے ہوئے کچل دیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ الرجبی کو ایک مقامی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جہاں اب اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ چند ماہ سے فلسطین میں جاری تحریک انتفاضہ کے دوران یہودی شرپسندوں کی جانب سے فلسطینیوں کو گاڑیوں تلے کچلنے جانے کے واقعات میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔