عرب لیگ نے مسجد اقصیٰ کی یہودی آباد کاروں کے ہاتھوں حالیہ ایام میں ہونے والی بے حرمتی اور بیت المقدس میں فلسطینیوں پر مظالم پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی اقدامات مذہبی جنگ چھیڑنے کی مجرمانہ سازش ہیں۔ اسرائیلی ریاست اور یہودی آباد کاروں کی طرف سے قبلہ اول کے معاملے میں عالمی قانون کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں جن کی تمام تر ذمہ داری صہیونی ریاست پرعاید ہو گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق منگل کے قاہرہ میں عرب لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل احمد بن حلی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی ریاست کی طرف سے بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے معاملے میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی سے کشیدگی کی آگ مزید بھڑک سکتی ہے۔ مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس میں حالیہ کشیدگی کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پرعاید ہوتی ہے۔
بن حلی کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پر پیدا ہونے والی کشیدگی آتش فشاں بن کر پھٹ سکتی ہے اور اس کے سنگین نتائج نہ صرف پورے خطے بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔
عرب لیگ کے عہدیدار نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ قبلہ اول کے حوالے سے عالمی قوانین کا احترام یقینی بنائے اور یہودی شرپسندوں کو مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی سے سختی سے روکے ورنہ اس کے نتائج سنگین تر ہو سکتے ہیں۔
عرب لیگ کا کہنا ہے کہ صہیونی ریاست کی طرف سے یہودیوں کو قبلہ اول میں عبادت کے نام پر داخل ہونے کی اجازت دینا مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کی سازش ہے۔ اسرائیل کو قبلہ اول اور بیت المقدس پراپنے مرضی کے قوانین مسلط کرنے کی کسی صورت میں اجازت نہیں دی جائے گی۔