فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے میں ابو دیس کے مقام پر قائم القدس یونیورسٹی کے کیمپس پر اسرائیلی فوج نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں درجنوں طلباء اور اساتذہ زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج نے رات گئے القدس یونیورسٹی کے مرکزی دفاتر، ہاسٹل اور اسٹڈی بلاکس پر دھاوا بول دیا۔
صہیونی فوجیوں اور پولیس نے طلباء پر آنسوگیس کی شیلنگ کےساتھ ساتھ ان پر ربڑ کی گولیوں سے بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں پچاس کےقریب طلباء اور عملے کے دوسرے افراد زخمی ہوگئے۔
ہلال احمر فلسطین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ابو دیس قصبے میں صہیونی فوج نے القدس یونیورسٹی پر زہریلی گیس سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 45 افراد زخمی ہوگئے۔ دو شہر گولیاں لگنے سے بھی زخمی ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ ابو دیس قصبہ حالیہ ایام میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان میدان جنگ بنا رہا ہے۔ قابض فورسز نے فلسطینی شہریوں اور طلباء کو ہراساں کرنے کے لیے کئی بار طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔