فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر سلفیت میں آج جمعرات کو اسرائیلی فوج نے ایک کارروائی کے دوران سینیر فلسطینی صحافی اور تجزیہ نگار خالد معالی کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ جمعرات کو علی الصباح غرب اردن کےشمالی شہر سلفیت میں اسرائیلیی فوج نے فلسطینی صحافی خالد معالی کے گھر پر چھاپہ مارا۔ گھر میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی اور اہل خانہ کو زدو کوب کرنے کے بعد معالی کو حراست میں لے لیا گیا۔
خیال رہے کہ 48 سالہ ڈاکٹر خالد معالی نے ہیگ یونیورسٹی سے سیاسیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری لے رکھی ہے۔ وہ کئی کتابوں کے مصنف اور فلسطین کے سیاسی حالات پرگہری نظر رکھتے ہیں۔ انہوں نے فلسطین میں یہودی آباد کاری کے موضوع پر بھی گہری تحقیق کی ہے۔ وہ ماضی میں بھی اسرائیلی فوج کی انتقامی پالیسی کی بھینٹ چڑھتے اور جیلوں میں قید رہ چکے ہیں۔