شنبه 16/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کریک ڈاؤن مہم جاری، مزید 13 فلسطینی گرفتار

پیر 23-جنوری-2017

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کریک ڈاؤن مہم جاری ہے۔ اس مہم کے تحت آج سوموار کو فلسطینی شہروں پر چھاپوں کے دوران فلسطینی اسیر کہ والدہ سمیت 13 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد جیلوں میں ڈال دیا گیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوموار کو علی الصباح صہیونی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں گھر گھر تلاشی کے دوران متعدد شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ہونے والے شہریوں میں اسیر احمد ابو سل کی والدہ بھی شامل ہیں جنہیں العروب پناہ گزین کیمپ سے گرفتار کیا گیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق گرفتاری اور تلاشی مہم کے دوران قابض فورسز نے فلسطینیوں کی گھروں کی چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں میں موجود خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا،قیتمی سامان کی توڑپھوڑ کی گئی اور گھروں میں موجود نقدی اور طلائی زیورات لوٹ لیے۔

ادھر اسرائیلی فوج کی جانب سے حسب معمول دعوٰی کیا گیا ہے کہ غرب اردن اور بیت المقدس میں چھاپوں کے دوران گرفتار کیے گئے تیرہ فلسطینیوں میں سیکیورٹی اداروں کو مطلوب شہری بھی شامل ہیں۔ مطلوب فلسطینی یہودی آباد کاروں اور فوجیوں پر سنگ باری اور دیگر حملوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔

عبرانی میڈیا کے مطابق چھ فلسطینیوں کو نابلس شہر کے بلاطہ اور عسکر پناہ گزین کیمپوں سے گرفتار کیا گیا اور دیگر فلسطینیوں میں سے بعض کو شمالی شہر قلقیلیہ کے عزون قصبے سے حراست میں لیا گیا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مشرقی نابلس میں بلاطہ پناہ گزین کیمپ سے ایک فلسطینی شہری  کے گھر سے پستول بھی برآمد کی گئی ہے۔ اس دوران شمالی الخلیل میں قائم العروب پناہ گزین کیمپ میں چھاپوں کے دوران اسرائیلی فوج نے سابق اسیر محمود الزغاریت کو دوبارہ حراست میں لے لیا جب کہ  ایک دوسرے سابق اسیر طاھر کمیل کو جنوبی جنین میں قباطیہ قصبے سے حراست میں لیا گیا۔

مختصر لنک:

کاپی