لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر کی نامعلوم افراد کے حملے کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حزب اللہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ القسام کمانڈر مازن فقہا کی قاتلانہ حملے میں شہادت سنگین جرم ہے۔ فقہا کے قاتلوں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مازن فقہا کے قتل میں صہیونی خفیہ ادارے ملوث ہوسکتے ہیں۔ حماس اور حزب اللہ کے دشمن ایک ہیں۔ یہ بات حتمی ہے کہ جس دشمن نے فقہاء کو اس کے شہر سے بے دخل کیا وہی اس کی شہادت کا بھی ذمہ دار ہے۔
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ صہیونی دشمن کے فنگر پرنٹ اور مجرمانہ قتل اور بزلانہ حملے کا ثبوت ہیں۔
حزب اللہ نے کمانڈر کی شہادت پر حماس، القسام بریگٰیڈ، شہید کے اہل خانہ اور پوری فلسطینی قوم سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنانی عوام اور حزب اللہ دکھ کی گھڑی میں حماس اور فلسطینی قوم کے ساتھ ہیں۔ توقع ہے کہ فقہا کے قاتلوں کا جلد سراغ لگا لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ مازن فقہا نے الشیخ سلاح شحادہ کی شہادت کا بدلہ لینے کے لیے شمالی فلسطین کے صفد شہر میں ایک بھرپور وار کرکے 9 صہیونیوں کو جنہم واصل کرتے ہوئے کئی کو شدید زخمی کر دیا تھا۔
صہیونیوں کے قتل کے الزام میں اسرائیلی فوج نے مازن فقہاء کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ چلایا اور اسے 9 بار عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ مازن فقہا کا تعلق غرب اردن کے شمالی شہر جنین سے تھا۔ سنہ 2011ء میں حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے تحت مازن فقہا کو رہا اس شرط پر رہا کیا گیا تھا کہ وہ مغربی کنارے کے بجائے غزہ میں رہیں گے۔
جیل سے رہائی کے بعد بھی مازن تحریک آزادی فلسطین کے ہراول دستے کا حصہ رہے۔ گذشتہ روز وہ نماز جمعہ کی ادائی کے بعد اپنے گھر کو لوٹ رہے کہ نامعلوم دہشت گردوں نے اسنائپر سے انہیں گولیاں مار کر شہید کردیا۔
خون میں لت پت مازن فقہا کا جسد خاکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کے سر اور جسم کے بالائی حصے میں چھ گولیاں ماری گئی تھیں۔ مجرم کارروائی کے بعد کامیابی سے موقع واردات سے فرار ہوگئے تھے۔
اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور جماعت کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ کی طرف سے مازن فقہا کی شہادت کی تصدیق کرنے کے ساتھ ساتھ اس جرم کا براہ راست قصور وار صہیونی ریاست اور اس کے خفیہ اداروں کو قرار دیا۔