قطر کے امیر تمیم بن حمد آل ثانی نے اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے پولٹ بیورو کے نو منتخب سربراہ اسماعیل ہنیہ کو گذشتہ روز ٹیلی فون کیا اور انہیں فلسطین کی سرکردہ مزاحمتی تحریک کے سیاسی شعبے کا سربراہ منتخب ہونے پر انہیں اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
اسماعیل ہنیہ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فون پر فلسطینی عوام کو درپیش چیلنجز، زمینی حقائق اور پیش رفت سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
امیر قطر نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے اپنے ملک کا مسلمہ اور اصولی موقف بتاتے ہوئے اس کوشش پر روشنی ڈالی جو دوحا فلسطینی عوام کی اندرونی وحدت کو مجتمع کرنے کے لئے ایک عرصے سے جاری رکھے ہوئے ہے۔