چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسیران کی ماؤں کا غرب اردن میں سڑکیں بلاک کرکے احتجاج

منگل 16-مئی-2017

اسرائیلی جیلوں میں مسلسل ایک ماہ سے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر اسیران کی ماؤں اور دیگر فلسطینی شہریوں نے غرب اردن کی کئی سڑکیں بلاک کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج کی طرف سے پرامن فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا گیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں حوارہ چوک میں فلسطینی نوجوانوں نے دھرنا دیا اور اسیران کے معاملے میں بین الاقوامی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر توجہ مبذول کرانے کے لیے سڑک بلاک کردی۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فورسز نے فلسطینی نوجوانوں پر لاٹھی چارج کیا اور انہیں منتشر کرنے کے لیے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئے۔ یہ سڑک غرب اردن کے شمالی علاقوں کو وسطی شہروں سے ملانے کا سب سے اہم راستہ ہے۔ سڑک کی بندش کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی کئی گھنٹے معطل رہی۔

ادھر وسطی نابلس میں اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی ماؤں نے مشہور شاہراہ فیصل کو کئی گھنٹے تک بلاک رکھا۔ خواتین کی بڑی تعداد سڑک پر بیٹھ گئی۔ انہوں نے ہاتھوں میں اپنے بیٹوں اور اسیر اقارب کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ خواتین اور اسیران کی ماؤں نے اسرائیلی جیلوں میں ان کے بیٹوں کی بھوک ہڑتال پرعالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

مختصر لنک:

کاپی