ترکی کے وزیراعظم علی یلدرم نے اسماعیل ھنیہ کو اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کا قاید منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ترک وزیراعظم علی یلدرم نے اسماعیل ھنیہ کو ایک تہنیتی مکتوب ارسال کیا ہے۔ اس مکتوب میں اسماعیل ھنیہ کو حماس کےسیاسی شعبے کا سربراہ منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی گئی۔
ترک وزیراعظم نے فلسطین میں امن استحکام کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ترکی عالم اسلام کے ساتھ مل کر مسئلہ فلسطین اور دیگر حل طلب مسائل کے حل کی کوششیں جاری رکھے گا۔
علی یلدرم نے حماس کی جانب سے جاری کردہ نئی پالیسی دستاویز کا بھی خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ حماس کی نئی پالیسی کے بعد فلسطینی تنظیموں حماس اور فتح کے درمیان قربت پیدا ہوگی اور دونوں بڑی جماعتوں میں پائے جانے والے اختلافات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
ترک وزیراعظم کا کہنا ہے کہ انقرہ حکومت فلسطین میں اسرائیل کی غیر قانونی یہودی آباد کاری پر گہری نظر رکھے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں یہودی آباد کاری روکنے کے لیے عالمی سطح پر رابطے بڑھائے جائیں گے۔
اسماعیل ھنیہ نے جواب میں ترک وزیراعظم کی مبارک باد کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حماس اورپوری فلسطینی قوم ترک حکومت اور قوم کی شکر گذار ہے۔ ترکی نے ہمیشہ مشکل وقت میں فلسطینی قوم کی معاونت کی اور فلسطینی قوم کے حقوق کا ہرسطح پر دفاع کیا۔