اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے عالم اسلام بالخصوص عرب ممالک کے درمیان پائے جانے والے اختلافات ختم کرنے کے لیے سوڈان کی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عرب اقوام میں وحدت اور ان کے امن و استحکام کے لیے سوڈان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس رہ نما نے ان خیالات کا اظہار سوڈانی صدر عمر البشیر سے ٹیلیفون پر بات چیت میں کیا۔
حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے سوڈان کے صدر عمر البشیر کو ٹیلیفون کیا اور انہیں ماہ صیام کی مبارک باد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی عرب ممالک میں اتحاد کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ عرب ممالک اور مسلم امہ میں انتشار صہیونی دشمن کے مفاد میں ہے۔ عرب اور مسلمان ممالک کو مسجد اقصیٰ اور فلسطین جیسے مرکزی معاملے پر متحد کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب صدر البشیرنے حماس رہ نما کی جانب سے ٹیلیفون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کا ملک فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق کی حمایت کے ساتھ عالم اسلام میں اتحاد کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔