جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی پولیس کومسجداقصیٰ میں نمازیوں کی جامہ تلاشی لینے کا حکم

جمعہ 28-جولائی-2017

اسرائیل کے عبرانی میڈیا نے بتایا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے پولیس کو مسجد اقصیٰ میں نماز کے لیے آنے والے فلسطینی مردو خواتین کی جامہ تلاشی لینے کے احکامات دیے ہیں۔

عبرانی نیوز ویب پورٹل ’’وللا‘‘ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے یہ احکامات مسجد اقصیٰ کے باہر نصب کردہ اسکینر ہٹائے جانے اور ان کی جگہ اسمارٹ کیمرے لگانے کے فیصلے کے موقع پر جاری کیے گئے ہیں۔ اسمارٹ کیمرے نصب کرنے کا عمل اگلے چھ ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

عبرانی نیوز ویب پورٹل کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو اور داخلی سلامتی کے وزیر گیلاد اردان کے درمیان ہونے والی بات چیت میں وزیراعظم نے ہدایت کہ پولیس کو مسجد اقصیٰ میں آنے والے نمازیوں کی تلاشی کے لیے فری ہینڈ دیا جائے۔

وزیراعظم نیتن یاھو اور داخلی سلامتی کے وزیر کے درمیان نمازیوں کی تلاشی کے لیے دستی میٹل ڈیٹکٹر فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے پولیس کو یہ احکامات ایک ایسے وقت میں جاری کیے گئے ہیں جب عبرانی ٹی وی 2 نے ایک سروے میں بتایا ہے کہ اسرائیلیوں کی اکثریت الاقصیٰ کے دروازوں کے سامنے سے الیکٹرانک گیٹس کے ہٹائے جانے کو نیتن یاھو کی شکست سے تعبیر کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے باہر نصب کردہ اسکینر اور الیکٹرانک گیٹس ہٹا دیے تھے جس کے بعد فلسطینی شہریوں نے قبلہ اول میں نماز کی ادائی شروع کردی ہے۔ اسرائیلی حکومت نے اسکینروں کی جگہ اب مسجد اقصیٰ کے باہر اسمارت کیمرے لگانے کا منصوبہ تیار کیا ہے جسے اگلے چھ ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ اس منصوبے پر 100 ملین شیکل کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی