عراق کے شمالی علاقے میں ایک جنگی کارروائی میں دو امریکی فوجی ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔
امریکی فوج کی مرکزی کمان نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ فوجی’’دشمن‘‘ کے ساتھ کسی جھڑپ میں ہلاک یا زخمی نہیں ہوئے ہیں بلکہ انھیں ایک واقعہ پیش آیا ہے لیکن اس نے مزید تفصیل بتائی ہے اور نہ مرنے والے فوجیوں کی شناخت کی ہے۔
عراق میں داعش کے خلاف جنگی مہم میں شریک امریکی فورسز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اسٹیفن ٹاؤن سینڈ نے کہا ہے کہ اتحاد نے ان فوجیوں کی ہلاکت پر ان کے متاثرہ خاندانوں ، دوستوں اور ساتھیوں سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ عراق میں ہزاروں امریکی فوجی داعش کے خلاف جنگ میں شریک ہیں۔ وہ بنیادی طور پر عراقی فوجیوں کو لاجسٹیکل اور دوسری امداد مہیا کررہے ہیں لیکن بہت سے فوجی محاذ ِجنگ کے نزدیک برسر پیکار ہیں۔