فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کے کریک ڈاؤن اور تلاشی مہم کے دوران مزید 24 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے رات گئے غرب اردن کے مختلف شہروں میں چھاپوں کے دوران 14 مطلوب افراد سمیت 18 فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔ گرفتار کیے گئے مطلوب فلسطینی اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں پر مزاحمتی حملوں میں ملوث تھے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق جنوبی نابلس میں مادما قصبے میں تلاشی مہم کے دوران اسرائیلی فوج نے عاید کمال قط کے گھر میں گھس کر توڑپھوڑ کی اور اس کے بیٹے احمد کو حراست میں لے لیا۔
ایک مقامی شہری مجاھد قط نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے عاید قط کے گھر کا محاصرہ کیا اور اس کے بعد گیٹ پھلانگ کر اندر گھس گئے۔ گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو زدوب کیا۔ قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی اور گھر میں موجود نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔
مشرقی نابلس میں عورتا کے مقام پر چھاپے کے دوران 16 سالہ عبدالحفیظ رمزی عواد کو اس کے گھر سے حراست میں لے لیا گیا۔ چند روز قبل اس کے چا عبداللہ عوام کو حراست میں لیا گیا تھا۔
شمالی شہر قلقیلیہ میں عزون قصبے میں اسرائیلی فوج نے گھرگھر تلاشی کی کارروائی کےدوران شہریوں کو زدو کوب کیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے 10 گھروں پر چھاپے مارے اور گھروں میں موجود شہریوں کو ہراساں کیا۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ عزون قصبے میں گھر گھر تلاشی اسرائیلی فوج کا روز کا معمول بن چکی ہے۔ قابض فوج شہریوں کو رات کی تاریکی اور سردی میں گھروں سے باہر نکال کر انہیں گھنٹوں سردی میں کھڑا رکھا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں شہری بیمار ہو رہے ہیں۔
مشرقی شہر جنین میں بھی مختلف مقامات پر اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران متعدد فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا۔ زیادہ گرفتاریاں الجلمہ میں کی گئیں۔
مقامی ذرائع نے پی آئی سی کے نامہ نگار کو بتایا کہ صہیونی فوج کی بھاری نفری نے الجملہ کا گھیراؤ کیا اور گھر گھر تلاشی کی مہم کے دوران احمد نضال ابو فرحہ اور محمود ابو فرحہ کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے جنین میں عرانہ اور دیر ابو ضعیف کے مقامات پر بھی چھاپے مارے۔
غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم سے چار فلسطینی بچوں کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں دو سگے بھائی 15 سالہ محمد اور 13 سالہ احمد محمود صالح موسیٰ،15 سالہ محمد سعود صبیح اور 13 سالہ یزن عبدالرحیم المصری شامل ہیں۔
الخلیل شہر میں تلاشی کے دوران اسرائیلی فوج نے سابق اسیر محمد رزق الرجوب کو حراست مین لے لیا گیا جب کہ اس کے بیٹے احمد کی گاڑی ضبط کرلی گئی۔