شنبه 16/نوامبر/2024

امیرقطر کا ھنیہ کو فون، غزہ کے لیے ایک کروڑ ڈالر فوری امداد کا اعلان

جمعہ 9-فروری-2018

قطر کے امیرالشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کےسیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کو ٹیلی فون کرکے انہیں غزہ کی پٹی کے عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے حل کا یقین دلایا ہے۔ امیر قطر نے غزہ کے عوام کو درپیش معاشی بحرانوں کے خل کے لیے 33 ملین قطری ریال کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ یہ رقم امریکی کرنسی میں نوے لاکھ ڈالر سے زیادہ بنتی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں حماس کے سیاسی شعبے کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امیر قطر نے جمعرات کی شام اسماعیل ھنیہ سے ٹیلیفون پربات چیت کی۔ اس موقع پر اسماعیل ھنیہ نے امیر قطر کو غزہ کی پٹی کو درپیش مشکلات اور فلسطین کی موجودہ صورت حال سے آگاہ کیا۔

اسماعیل ھنیہ نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں جاری مالی بحران، ایندھن کی قلت اور دیگر مسائل کے باعث صحت کا شعبہ سنگین بحران سے دوچار ہے۔ ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث کئی اسپتال بند ہوگئے ہیں جس کے نتیجے میں سیکڑوں مریضوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔

امیر قطر نے اسماعیل ھنیہ کو یقین دلایا کہ ان کا ملک غزہ کے محصورین کی مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جاری تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبے بدستور جاری رہیں گی اور غزہ کو درکار ایندھن کی ضرورت پوری کرنے میں اس کی مدد کی جائے گی۔

اس موقع پر اسماعیل ھنیہ نے امیر قطر اور قطری عوام کی طرف سے فلسطینیوں کی ہرممکن مدد جاری رکھنے کے عزم کی تحسین کی اور کہا کہ فلسطینی قوم قطر کی شکر گذار ہے۔

قطری اخبارات کے مطابق امیر قطر نے غزہ کی پٹی کو فوری طور پر نوے لاکھ امریکی ڈالر کے مساوی رقم کی امداد دینے کا حکم دیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی