یہودی آباد کاروں نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں ایک مقامی سماجی کارکن پر وحشیانہ تشدد کیا اور ان کی گاڑی پر سنگباری اور ڈنڈوں سے حملہ کر کے اس کی توڑ پھوڑ کی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یہودی شرپسندوں نے نابلس کے جنوبی علاقے بیتا میں واقع ایک گاڑی پر سنگ باری کی اور انہیں گاڑی روکنے پر مجبور کیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ دسیوں یہودی آبادکاروں نے سڑک پر جمع ہو کر فلسطینی راہ گیروں اور گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔ اس موقع پر یہودی شرپسندوں نے ایک مقامی سماجی کارکن زکریا السدۃ پر وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ السدہ کے چہرے اور جسم کے دوسرے حصوں پر چوٹیں آئی ہیں جس کے بعد انہیں ایک مقامی اسپتال منتقل کیا گیاہے۔
یہودی آباد کاروں کے حملے اور سنگ باری سے ان کی گاڑی کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔