قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں اللبن کے مقام پر فلسطینی اسکول کے نہتے اور کم سن طلباء کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
مقامی تجزیہ نگار اور سماجی کارکن غسان دغلس نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ صہیونی فوج نے اللبن کے مقام پر ایک اسکول کے طلباء کو اس وقت تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ رام اللہ اور نابلس کو ملانے والی شاہراہ پر گھروں کو لوٹ رہے تھے۔ قابض فوج نے طلباء پر مرچوں والا اسپرے چھڑکا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی بچے متاثر ہوئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے تشدد سے متعدد طلباء زخمی ہوئے ہیں اور انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے نابلس اور غرب اردن کے دوسرے شہروں میں فلسطینی اسکولوں کے طلباء پر تشدد معمول بن چکا ہے۔