شرپسند یہودی آبادکاروں نے الخلیل میں فلسطینی اراضی کو مسمار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز یہودی آبادکاروں کے ایک گروہ نے مغربی کنارے کے جنوب میں واقع شہر الخلیل کے علاقے یتا ٹاوں میں فلسطینی کسانوں کی اراضی پر دھاوا بولا اور اسے مسمار کر دیا۔
اسرائیلی دیوار اور یہودی آبادکاری مخالف کمیٹی کے کوآرڈینیٹر راتب جبورنے بتایا کہ شرپسند یہودی آبادکاروں نے اسرائیلی فوجیوں کی سرپرستی میں فلسطینی کسانوں کی زرعی اراضی پر دھاوا بولا اور درجنوں دونم اراضی کو ملیا میٹ کر دیا۔ راتب الجبور نے مزید بتایا کہ تباہ شدہ زرعی اراضی مور ابو ببیتا اور مغنم خاندان کی تھی
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حملوں کا مقصد ناجائز اسرائیلی بستیوں معون اور ہیوت معون میں مزید ناجائز یہودی آبادکاری منصوبوں میں توسیع کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔ راتب الجبور کے مطابق اسرائیلی انتظامیہ کی طرف سے سے جاری کردہ یہودی آبادکاری میں توسیع کے منصوبوں کے بعد شرپسند یہودیوں کا فلسطین کسانوں کی اراضی کو تباہ کرنے کا مقصد اراضی پر قبضہ کرنا اور یہاں ناجائز بستیوں کی تعمیر کا اسرائیلی منصوبہ پائے تکمیل تک پہنچانا ہے۔