فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں جمعرات کو علی الصباح شیرخوار بچی اور اس کی ماں سمیت تین فلسطینی شہید ہوگئے۔ دوسری جانب فلسطینی مزاحمت کاروں نے صہیونی فوج کی بلا اشتعال بمباری پر راکٹ حملوں سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ قابض فوج نے دیر البلح میں الجعفراوی کے مقام پر جنگی طیاروں سے بم گرائے جس کے نتیجے میں 23 سالہ ایناس محمد خماش اور اس کی ایک سالہ شیرخوار بچی بیان خماش شہید ہوگئیں جب کہ شوہر محمد خماش زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار نے بتایا کہ فلسطینی حاملہ خاتون اور اس کی شیر خوار بیٹی کی لاشین اسپتال منتقل کی گئی ہیں جب کہ خاتون کے شوہر کو شدید زخمی حالت میں شہداء الاقصیٰ اسپتال میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
ادھر شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج نے رات گئے ایک فلسطینی گاڑی کو میزائل حملے سےنشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اس میں سوار 30 سالہ علی الغندور شہید ہوگیا۔
بدھ کی شام سے کی گئی بمباری کے بعد غزہ کی پٹی میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے جب کہ 12 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔