یہودی آباد کاروں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں مادما کے مقام پر فلسطینیوں کے ایک گروپ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ مادما قصبے کے ایک رہائشی عماد ابو عرب کو یہودی آباد کاروں کی طرف سے گولیاں مار کر زخمی کیا گیا۔ ادھر اسی علاقے میں یہودی شرپسندوں نے فلسطینی شہریوں پر دھاتی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔ بعض زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ فلسطینیوں پر حملہ کرنے والے یہودی آباد کاروں کا تعلق یتسھار کالونی سے ہے اور اس کالونی کے آباد کار روز مرہ کی بنیاد پر فلسطینی آبادی کے جان ومال پر حملے کرتے رہتے اورانہیں جانی اور مالی نقصان پہنچانے کے مرتکب ہوتے ہیں۔