سعودی عرب کے ولی عہد ، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ٹیلی فون پر جمال خاشقجی قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان اور صدر ایردوآن نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی استنبول میں موت کے واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور اس ضمن میں درکار اقدامات پر بھی گفتگو کی ہے۔
ترک صدر ایردوآن نے منگل کو ایک تقریر میں جمال خاشقجی کے قتل کے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف استنبول میں مقدمہ چلانے کی ضرورت پر زور دیا تھا جبکہ سعودی عرب کی کابینہ نے کہا تھا کہ اس واقعے میں جن لوگوں کا بھی ہاتھ کارفرما ہے،ان سب کا احتساب ہوگا ۔ اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا کہ یہ لوگ خواہ کوئی بھی ہوں۔
کابینہ کا کہنا تھا کہ ’’ مملکت نے قتل کے اس واقعے سے متعلق سچائی کو منظرعام پر لانے اور ان تمام لوگوں کے احتساب کے لیے اقدامات کیے ہیں جن پر اس واقعے کی ذمے داری عاید ہوتی ہے یا جن کی نا اہلی کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا تھا‘‘