قابض صہیونی فوج نے آج ہفتے کی صبح مقبوضہ مغربی کنارے سے آٹھ فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔ حراست میں لیے جانے والوں میں اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے رہ نما اور سابق اسیران بھی شامل ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی اسپیشل فورسز نے رات گئے احمد دیب الہروب ، عز قاسم الہروب ، سابق اسیر محمد یوسف ابو العابد الحرب کو غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل سے حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی غاصب فورسز نے حماس رہ نما اور سابق اسیر عاید دودین کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔ ان کی گرفتاری الخلیل کے جنوب مغرب میں دورا میں واقع ان کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران عمل میں آئی۔ خیال رہے کہ اسیر دودین کو تین ماہ قبل رہا کیاگیا تھا اور وہ مجموعی طورپر 20 سال اسرائیلی زندانوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔
قابض اسرائیلی فوج نے الخلیل کے شمال میں واقع صوریف قصبے میں گھروں پر چھاپہ مارے۔ اس دوران سابق اسیر فادی غنیمات کو بھی دوبارہ گرفتار کرلیا۔ اس کے علاوہ سابق اسیر خالد الفسفاس کو شہر کے جنوب مغرب میں دورا میں واقع اپنے گھر سے گرفتار کیا گیا۔