قابض اسرائیلی فوجیوں نے منگل کے روز صبح سویرے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے سے 12 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرلیا ، جن میں ایک فلسطینی نوجوان کی والدہ اور بھائی بھی شامل ہیں ، جسے اسرائیلی پولیس نے پیر کی رات بیت المقدس میں گولی مار کر شہید کر دیا تھا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے بیت المقدس ، نابلس ، قلقیلیہ ، بیت لحم ، جینن ، اور طوباس میں 12 فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔
زیر حراست افراد میں 30 سالہ فلسطینی شہید اشرف ھلسا کی والدہ اور دو بھائی بھی شامل ہیں ، جسے اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصی کے قریب پیر کی شب قتل کیا تھا۔
اسرائیلی پولیس نے ھلسا کو گولی مار دی اور فلسطینی طبی عملے کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے سے روک دیا ، جس سے خون بہنے کی وجہ سے اسکی موت ہو گئی۔
انہوں نے دعوی کیا کہ ھلسا نے ایک اسرائیلی پولیس افسر کو گولی مارنے سے پہلے چاقو سے وار کرکے زخمی کردیا۔
ادھر ، مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں گھریلوں چھاپوں کے دوران قابض صہیونی فوجیوں اور فلسطینی شہریوں کے درمیان جھڑپیں دیکھنے میں آئیں۔ نابالغوں سمیت متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ، لیکن کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے