جمعه 15/نوامبر/2024

امارات کی طرح عرب لیگ نے بھی فلسطینی قوم سے غداری کی: اسماعیل ھنیہ

ہفتہ 12-ستمبر-2020

اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ عرب لیگ کا اسرائیلی ریاست کی طرف جھکائو خطرناک نتائج پر منتج ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ عرب لیگ میں امارات اوراسرائیل کے درمیان تعلقات کی مخالفت میں پیش کی گئی قرارداد ناکام کرنا شرمناک پیش رفت ہے جس سے عرب لیگ کے تاریخی موقف میں کھلے انحراف کا پتا چلتا ہے۔

بیروت میں علما کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ عرب لیگ کے فورم پر قضیہ فلسطین اور فلسطینی کاز کی حمایت میں قرارداد مسترد کرنا افسوسناک ہی نہیں بلکہ شرمناک بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب لیگ نے فلسطینی قوم کے بجائے اسرائیلی مفادات میں فیصلہ کیا ہے۔

گذشتہ روز لبنانی علما کے وفد نے الشیخ ماھر حمود کی قیادت میں بیروت میں حماس رہ نما اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کی تھی۔

خیال رہے کہ گذشتہ بدھ کو عرب وزرا خارجہ کے ایک اجلاس میں اسرائیل اور امارات کے درمیان دوستانہ تعلقات کی مذمت میں ایک قرارداد پیش کی تھی۔ اسرائیل نواز عرب ممالک نے یہ قرارداد ناکام بنا دی۔

اسماعیل ھنیہ نے اس اقدام پراپنے رد عمل میں کہا کہ عرب لیگ میں فلسطینی قوم کے حقوق اور مسلم امہ کی امنگوں کی کھلے عام پامالی کی گئی۔ اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں اوراس کا مقصد امت کودشمن کے سامنے جھکانے کی مذموم کوشش ہے۔

انہوں‌ نے کہا کہ آج تک مسئلہ فلسطین عرب لیگ کے ایجنڈے میں پہلی ترجیح رہا ہے مگر اب عرب لیگ کا موقف تبدیل کرنا فلسطینی قوم کی آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کے ساتھ غداری اور فلسطینی قوم کی پیٹھ میں خنجر گھومپنے کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی آزادی کا محاذ صرف عسکری میدان تک محدود نہیں بلکہ اس حوالے سے پوری مسلم امہ اور عرب اقوام میں تمام شعبوں میں بیداری پیدا کرنا ہوگی۔

مختصر لنک:

کاپی