امریکا میں منعقدہ صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جوزف بائیڈن نے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست سے دوچار کر دیا ہے اور وہ امریکا کے چھیالیسویں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
جو بائیڈن کی ساتھی امیدوار کمالا ہیرس امریکا کی پہلی خاتون نائب صدر منتخب ہوگئی ہیں۔ انھوں نے ٹرمپ کے ساتھی امیدوار مائیک پینس کو شکست سے دوچار کیا ہے۔ وہ امریکا کی پہلی سیاہ فام اور جنوب ایشیائی خاتون نائب صدر بھی ہیں۔
78 سالہ جو بائیڈن نے الیکٹورل کالج کے 538 میں سے 284 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ انھیں جیت کے لیے 270 ووٹ درکار تھے۔ موجود صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 214 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ جوبائیڈن امریکا کے سب سے معمر صدر ہوں گے۔
ان کے حریف ڈونلڈ ٹرمپ 1992ء کے بعد ری پبلکن پارٹی کے پہلے صدر ہیں جو دوبارہ منتخب نہیں ہوسکے ہیں۔تب ری پبلکن صدر جارج ایچ ڈبلیو بش ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار بل کلنٹن کے مقابلے میں ہار گئے تھے۔ کلنٹن کے بعد جارج بش اور براک اوباما دو، دومرتبہ امریکا کے منتخب صدر رہ چکے ہیں۔