ترکی نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی ریاست کی مجرمانہ مداخلت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مذہبی غنڈہ گردی اور خطے میں امن بقائے باہمی کی ثقافت کو نقصان پہنچانا ہے۔
جمعرات کے روز ایک ورچوئل کانفرنس سے خطاب میں ترک وزیر برائے مذہبی امور علی ارباش نے کہا ہے کہ ترکی مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی مداخلت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہم اسرائیلی ریاست کی مذہبی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں مسترد کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں ذرائع ابلاغ نے بتایا تھا کہ اسرائیل نے مقام براق میں کھدائیاں شروع کی ہیں۔ اس کےعلاوہ اسرائیل نے مسجد اقصیٰ میں کیمروں کی تنصیب کے لیے سروے کیا ہے جس پر فلسطینی عوام میں شدید غم وغصے کی فضا پائی جا رہی ہے۔
علی ارباش نے کہا کہ ترک قوم اور ترک حکومت فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے اور ہم سب قبلہ اول کے محافظ ہیں۔ ہم قبلہ اول کے دفاع کے لیے اپنی سرگرمیاںجاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی سازشوں کا مقصد مسجد اقصیٰ کو زمانی اور مکانی اعتبار سے تقسیم کرنا اور مسجد اقصیٰ کے تاریخی تشخص کو نقصان پہنچانا ہے۔