قابض یہودی آباد کاروں نے کل اتوار کے روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں ایک 11 سالہ بچی پر حملہ کرکے اسے زخمی کر دیا اور اسے اغوا کرنے کی کوشش کی تاہم فلسطینیوں نے موقع پر پہنچ کر بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق یہ واقعہ غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں مادما کے مقام پر پیش آیا۔
شمالی غرب اردن میں یہودی آباد کاری کے امور پر نظر رکھنے والے سماجی کارکن غسان دغلس نے بتایا کہ یہودی آبا دکاروں نے جنوب مشرقی مادما میں ایک فلسطینی خاندان پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک گیارہ سالہ بچی زخمی ہوگئی۔ یہودی آباد کاروں نے فلسطینی شہریوں کی کار پر سنگ باری کی جس کے نتیجے میں کار کے شیشے ٹوٹ گئے اور بچی زخمی ہوگئی۔
یہودی بلوائیوں نے زخمی بچی کو اغوا کرنے کی کوشش کی تاہم مقامی شہریوں کی بڑی تعداد کے وہاں پر جمع ہونے پر یہودی شرپسند وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے۔ زخمی ہونے والی بچی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔