جمعرات کی شام مقبوضہ مغربی کنارے میں نابلس کے شمال میں حومش یہودی بستی کے قریب فائرنگ کے حملے میں ایک آباد کار ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے۔
عبرانی ذرائع کے مطابق ایک آباد کار گردن میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا اور دو دیگر افراد خالی کرائی گئی "حومش” بستی کے داخلی دروازے کے قریب گولی لگنے سےمعمولی زخمی ہوئے۔
عبرانی میڈیا ذرائع نے بتایا کہ نابلس اور جینین کے درمیان سڑک پر "حومش” بستی کے قریب ایک تیز رفتار گاڑی نے فائرنگ کر کے 3 آباد کاروں کو زخمی کر دیا۔ واقعے کے بعد حملہ آور بہ حفاظت فرار ہوگئے۔
قابض اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ فوج کے ایک ہیلی کاپٹر نے حومش کے قریب فائرنگ کے حملے کے نتیجے میں زخمیوں کو نکالا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے نابلس کے شمال مغرب میں کئی علاقوں میں ناکے لگا کر سرچ آپریشن کیا۔