قابض اسرائیلی فوجیوں نے گذشتہ رات مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں دھاوا بولا اور متعدد فلسطینی شہریوں کو اغوا کرلیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق صہیونی فوجیوں نے رام اللہ کے شمال مغرب میں واقع کوبر شہر پر دھاوا بولا اور گھروں میں توڑپھوڑ کرنے کے بعد دو نوجوانوں کو اغوا کر لیا جن کی شناخت نضال خالد اور مومن کفاح کے ناموں سے ہوئی۔
رام اللہ کے شمال میں اتارا کی فوجی چوکی پر چار دیگر نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔
طولکرم میں صہیونی فوجیوں نے نور شمس مہاجر کیمپ کے قریب خيلة عساف کے علاقے میں اپنے گھر سے محمد الشبراوي نامی نوجوان کو اغوا کرلیا۔
نابلس میں صہیونی فوجیوں نے تل ٹاؤن میں چھ گھروں پر چھاپہ مارا جس کے بعد مقامی نوجوانوں کے ساتھ جھڑپیں پھوٹ پڑیں تاہم کسی بھی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
الخلیل میں صہیونی فوجیوں نے بیت امر قصبے میں گھروں میں توڑپھوڑ کرنے کے بعد دو نوجوانوں کو اغوا کرلیا جن کی شناخت قصي ابو هاشم اور ماجد الہندی کے نام سے ہوئی ہے۔
