فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں بلاطہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج نے دھاوا بولا اور فلسطینی خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ قابض فوج کی چھاپہ مار کارروائی پر مشتعل فلسطینیوں نے قابض فوج پر سنگ باری کی جس کے نتیجے میں کم سے کم دو صہیونی فوجی زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوجی ترجمان نے بتایا کہ زخمی ہونے والے فوجیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سنگ باری اس وقت کی گئی جب فوج نے مطلوب افراد کو گرفتار کرنے کے لیے بلاطہ پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مارا۔ اس کارروائی میں دو صہیونی فوجی زخمی ہوگئے۔
ادھر مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج کی بھاری نفری نے بلاطہ پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مارا اور اس کارروائی میں متعدد فلسطینی بھی تشدد سے زخمی ہوئے ہیں۔