اسرائیل کے عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینلوں کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے حریف بینی گینٹز اور دیگر صہیونی لیڈر حکومت کی تشکیل کی دوڑسے باہر ہوگئے ہیں جس کے بعد کنیسٹ کے تیسری بار انتخابات کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔
عبرانی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق ‘بلیو ۔ وائٹ’ الائنس نے کنیسٹ کے ارکان کی حکومت سازی کے لیے حمایت کے حصول کی مہم بند کردی ہے جس کے بعد کنیسٹ کے تیسری بار انتخابات کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔
عبرانی ریڈیو کے مطابق بلیو وائٹ الائنس نے لیکوڈ پارٹی کے لیے میدان کھلا چھوڑ دیا ہے مگر وہ تنہا حکومت کی تشکیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آوی گیڈور لائبرمین کی جماعت ‘اسرائیل بیتنا’ نے نیتن یاھو کی لیکوڈ پارٹی اور بینی گینٹز کی بلیو ۔ وائٹ میں سے کسی کے ساتھ شراکت اقتدار نہ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد دونوں جماعتوں کے لیے حکومت کی تشکیل مزید مشکل ہوگئی ہے۔
بلیو وائٹ کو توقع تھی کہ وہ کنیسٹ کے 61 ارکان کی حمایت کے حصول میں کامیاب ہوجائیں گے مگر بینی گینٹز یہ حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں کنیسٹ کے انتخابات کے بعد کوئی جماعت حکومت کی تشکیل میں کامیاب نہیں ہوسکی جس کے بعد ستمبر میں دوبارہ کنیسٹ کے انتخابات کرائے گئے مگر اس بار بھی کوئی جماعت یا جماعتوں کا اتحاد حکومت کی تشکیل میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔