اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ نے آئندہ جمعہ کو دفاع قبلہ اول اور دفاع القدس کے لیے ‘لبیک یا اقصیٰ’ کے عنوان سے نفیر عام کا اعلان کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز پورے فلسطین میں دفاع قبلہ اول ریلیاں نکالی جائیں گی اور ملک بھرمیں القدس اور الاقصیٰ کو لاحق خطرات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پربیت المقدس کے فلسطینیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جمعہ کی نماز مسجد اقصیٰ میں ادا کرنے کی کوشش کریں تاکہ مقام مقدس کے دفاع کے لیے صہیونیوں کویہ پیغام دیا جائے کہ مسجد اقصیٰ تنہا نہیں ہے۔ نیز فلسطینی قوم قبلہ اول اور القدس کے خلاف امریکی۔ صہیونی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قبلہ اول کے دفاع کے لیے نفیرعام کے اعلان کا مقصد مسجد اقصیٰ کو لاحق خطرات، مقدس مقام کے تاریخی اسٹیٹس کو نقصان پہنچانے کی صہیونی سازشوں کو ناکام بنانا اور مسجد کی روزانہ کی بنیاد پر جاری بے حرمتی کی روک تھام کے لیے فلسطینی قوم کو منظم کرنا ہے۔