قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج سوموار کے روز سحری کے بعد فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کر لوٹ مار اور توڑ پھوڑ کی اور تلاشی کی آڑ میں ایک درجن فلسطینی گرفتار کر لیے گئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کےمطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن میں تلاشی کی کارروائیوں میں حراست میں لیے گئے فلسطینیوں میں سیکیورٹی اداروں کو مطلوب افراد بھی شامل ہیں۔ مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق صہیونی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر قلقیلیہ سے سابق اسیر ابراہیم احمد عرباس کو حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی فوج نے مغربی قلقیلیہ کے کفر سابا اور صوفان قصبوں میں فلسطینیوں کے گھروں میں کریک ڈائون شروع کیا۔
ادھر مغربی نابلس کے علاقے عوریف سے 24 سالہ عبدالقادر اسعد صباح اور مغربی جنین میں الیامون کے مقام سے علاء علی اللبدی کو حراست میں لینے کی اطلاعات ہیں۔
سحری کے بعد اسرائیلی فوج نے الیامون گھر گھر تلاشی شروع کی جس میں دو سگے بھائیوں وجدی اورانس کاظم ثوابطہ، نضال نبیل ثوابطہ ، جنوبی بیت لحم میں بیت فجار سے معروف احمد الاطرش اور دیگر کو حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی فوج نے جنین کیمپ میں تلاشی کے دوران ابوصالح ابو زینہ، فراس الوحدو، حمد ابو عزمی، احمد حسین الحفیظ اور دیگر کو حراست میں لیا۔