فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج منگل کے روز اسرائیلی فوج کے وحشیانہ کریک ڈائون کے دوران 21 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ رات گئے اور منگل کی صبح کو 21 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں بعض فلسطینی اسرائیل کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں سیکیورٹی اداروں کو مطلوب تھے۔
قابض فوج کا کہنا ہے کہ تلاشی کی کارروائیوں کے فلسطینیوں کے گھروں سے اسلحہ اور ہزاروں شیکل کی رقم بھی ضبط کی گئی ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے طولکرم میں تلاشی کے دوران سابق اسیر قسام ریاض بدیر کو اس کے گھر سے حراست میں لے لیا۔ اس کے علاوہ طالب علم باسم عصام عید کی گرفتاری بھی اسی شہر سے عمل میںلائی گئی۔
قابض فوج نے غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ کے نواحی علاقے النبی الصالح سے 15 سالہ محمد باسم تمیمی اور بیت سیرا سے 16 سالہ علی محمد ابو صفیہ کو حراست میں لیا۔
ادھر سلوا کے علاقے سے اسرائیلی فوج نے متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شمالی الخلیل سے طول کے مقام سے ایک فلسطینی طالب علم اور سابق اسیر عمار القواسمی کو حراست میں لیا گیا۔