قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں جمعرات کے روز گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں 22 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج نے جمعرات کے روز غرب اردن میں گھر گھر تلاشی کے دوران فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔ قابض فوج نے فلسطینی شہریوں بالخصوص بچوں اور خواتین کو ہراساں کیا۔
ادھر قابض اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو غرب اردن سے 19 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا جن میں بعض سیکیورٹی اداروں کو مطلوب افراد بھی شامل ہیں۔
عبرانی نیوز ویب سائیٹس کے مطابق حراست میں لیےگئے فلسطینیوں کو تفتیش کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔خیال رہے کہ فلسطینی شہروں میں کریک ڈائون اور گھروں میں لوٹ مار روز کا معمول ہے۔قابض فوج روزانہ کی بنیاد پر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کر نہتے فلسطینیوں کو اٹھا کر عقوبت خانوں میں منتقل کردیتی ہے۔