قابض صہیونی حکام کی فول پروف سیکیورٹی میں سیکڑوں یہودی آباد کاروں نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں تاریخی اور مذہبی مقامات پر دھاوے بولے۔ اس موقع پر یہودی آباد کاروں نے تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یہودی آبادکاروں کو بسوں کے ذریعے مغربی نابلس میں "عورتا” کے مقام پر لایا گیا جہاں انہوں نے مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ اس موقع پریہودی آباد کاروں کو فوج اور پولیس کی طرف سے فول پروف سیکیورٹی مہیا کر رکھی تھی۔
عبرانی ٹی وی چینل 7 کے مطابق 450 یہودی آباد کاروں نے عورتا قصبے میں ‘الیعازر بن ھارون’ کے مقام پر دھاوے بولے اور فول پروف سیکیورٹی میں مذہبی رسومات ادا کیں۔
خیال رہے کہ عورتا قصبے میں 12 تاریخی اور مذہبی مقامات ہیں جن پر آئے روز یہودی آبادکار بے حرمتی کرتے ہیں۔ فلسطینی شہریوں نے یہودیوں کے دھاووں کو اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔