اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں منگل کے روز گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 19 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز غرب اردن میں تلاشی کےدوران گرفتار کیے گئے19 فلسطینیوں میں بعض مزاحمتی کارروائیوں میں اسرائیلی فوج کو بھی مطلوب تھے۔ دوسری جانب فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے تلاشی کےدوران بعض طلباء کو بھی حراست میں لیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر رام اللہ ، قلقلیلیہ،نابلس، القدس اور الخلیل میںچھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 19 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ قابض فوج نے تلاشی کےدوران قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی اور شہریوں کے گھروں میں گھس کر لوٹ مار کی گئی۔
قابض فوج نے تلاشی کےدوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔