فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں ’حفات گیلاد‘ یہودی کالونی کے قریب ایک فلسطینی نوجوان کی کار کی ٹکر سے ایک یہودی آبادکار خاتون ہلاک ہوگئی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غرب اردن کے شہر نابلس میں 30 سالہ خاتون فلسطینی نوجوان کی گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہوگئی۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے جیت چوک کے قریب ایک خالی گاڑی ملی ہے جسے فلسطینی نوجوان نے یہودی آباد کار خاتون کو ہلاک کرنے کے لیے استعمال کیا ہے تاہم اس کا ڈرائیور فرار ہوگیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یہ واقعہ وہیں پیش آیا ہے جہاں رواں سال کے اوائل میں ایک یہودی ربی ’رازئیل شیفح‘ کو القسام بریگیڈ کے شہید احمد نصر جرار سیل نے ایک کارروائی میں موت کےگھاٹ اتار دیا تھا۔
واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کرکے فلسطینیوں کو گھروں میں گھس کر زدو کوب کیا۔ قابض فوج نے حوارہ چوک کو تمام اطراف سے بند کرکےاطراف میں فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا۔ تاہم کسی شخص کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔