امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایرانی قیادت غیر مشروط بات چیت کے لیے آمادہ ہو تو اس کے ساتھ ملاقات کی جا سکتی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ’وائیٹ ہاؤس‘ میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے سے نکل جانے کے بعد تہران سے تعلقات بہتر بنانے پر غور کرسکتے ہیں مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ ایرانی قیادت لچک کا مظاہرہ کرے اور تعلقات استوار کرنے کے لیے شرایط عاید نہ کرے۔
جب ڈونلڈ ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ آیا وہ ایرانی صدر حسن روحانی سے ملنے کو تیار ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ میں کسی بھی ایرانی لیڈر سے مل سکتا ہوں۔ میں ملاقاتوں پر یقین رکھتا ہوں، خاص طور پر ایسے حالات میں جب جنگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ یقینا میں ایرانی قیادت سےملاقات کے لیے تیار ہوں، مگرملاقات کے لیے ایرانیوں کو غیر مشروط طور پر آمادہ ہونا پڑے گا۔