اسرائیلی حکام نے ایک فلسطینی شہری کو مسلسل 15 سال تک جیل میں قید رکھنے کے بعد گذشتہ روز اسے رہا کر دیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق رہائی پانے والے 42 سالہ فلسطینی باسل سلیمان البرزوہ کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس سے ہے۔
البرزوہ کو رہائی جیل سے الخلیل شہر کی الظاھریہ چیک پوسٹ پر لایا گیا جہاں اس کے اہل خانہ اور دیگر شہریوں کی بڑی تعداد استقبال کے لیے جمع تھی۔ رہائی کے بعد البرزہ نے سب سے پہلے سابق فلسطینی لیڈر یاسر عرفات شہید کے مزار پرحاضری دی۔ اس کے بعد وہ اپنے آبائی شہر نابلس پہنچے جہاں ان کے استقبال کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد جمع تھی۔
خیال رہے کہ باسل البرزہ کو اسرائیلی فوج نے 12 جولائی2003ء کو حراست میں لیا اور اسے پندرہ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ البرزوہ تحریک فتح کے شہداء الاقصیٰ بریگیڈ سے منسلک تھے۔ گرفتاری کے بعد ان کی اکلوتی بیٹی نے جنم لیا جو اب پندرہ سال کی ہوچکی ہے۔